کسی جماعت کو اٹھانے یا گرانے کا کام نہیں کرنا، ایکس سروس مین سوسائٹی

April 22, 2024

اسلام آباد (فاروق اقدس) افواج پاکستان واحد ادارہ ہے جس نے ملک کو جوڑ کر رکھا ہوا ہے، ہم نے کسی سیاسی جماعت کو اٹھانے یا گرانے کا کام نہیں کرنا،حکومت کو ہٹانے کیلئے قا نونی طریقہ کار موجود ہے، ماضی میں ایک سیاسی جماعت کو ہٹایا گیا جس کے بعد انتشار کی ہوا زیادہ تیز چلی، اداروں کے خلاف انتشار کی فضا بنا کر اپنی سیاست کو چمکانے سے گریز کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پاک فوج کے سابق افسران پر مشتمل تنظیم ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ملک نے تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو اتوار کو راولپنڈی میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف بیان بازی بڑا ظلم ہے کسی حکومت کو ہٹانے کیلئے اس کا طریقہ قانون میں موجود ہے، ہمارا آئین کہتا ہے کہ ہم غیر سیاسی ہیں تاہم ریٹائرڈ فوجیوں کو صوبائی، ضمنی اور مرکزی انتخابات میں ٹکٹ لے کر آگے آنا ہوگا۔ جنرل (ر) عبدالقیوم نے شکوہ کیا کہ حالیہ برسوں میں سی پیک منصوبے سے منسلک 1500 سابق فوجی افسران اور اہلکاروں کو ملازمتوں سے فارغ کیا گیا، ہماری تنظیم کے پاس تینوں فورسز کی نمائندگی موجود ہے ہم سب رضا کار کے طور پر کام کررہے ہیں ہم فوج کے کسی ادارے پر کسی صورت حرف نہیں آنے دیں گے۔