سلمان خان کے گھر پر فائرنگ، بہنوئی کا واقعے پر بات کرنے سے گریز

April 22, 2024

فوٹو: فائل

سلمان خان کے بہنوئی آیوش شرما نے گیلکسی اپارٹمنٹس پر فائرنگ کے واقعے پر بات کرنے سے گریز کیا البتہ اتنا کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک مشکل وقت ہے۔

واضح رہے کہ 14 اپریل کو ممبئی میں سلمان خان کے گھر گیلکسی اپارٹمنٹس کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا جنہوں نے دوران تفتیش اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ وہ سلمان خان کو قتل کرنا چاہتے تھے۔

واقعے کے بعد سلمان خان اور انکے اہلِ خانہ کی سیکیورٹی بھی بڑھادی گئی، جبکہ گھر والوں کی جانب سے واقعے پر اپنے جذبات کے اظہار کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

سلمان خان کے بہنوئی اور اداکار آیوش شرما نے کہا ہے کہ ہمارے لیے یہ مشکل وقت ہے لیکن بطور خاندان ہم مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ یہ مناسب نہیں کہ میں اس موقع پر کوئی تبصرہ یا بیان بازی کروں کیونکہ یہ ایک سنگین صورتحال ہے۔

آیوش کا کہنا تھا کہ ممبئی پولیس نے اپنا بہترین کام کیا ہے اور واقعہ ابھی بھی زیر تفتیش ہے، لہٰذا اس وقت میں ان لوگوں کا صرف شکریہ ادا کرسکتا ہوں جنہوں نے ہمارے لیے دعائیں کیں اور اپنا پیار بھیجا۔