یونان کے شاہی جوڑے کا شادی کے 14 سال بعد طلاق کا اعلان

April 24, 2024

یونان کے شہزادہ نکولاؤس اور شہزادی تاتیانا نے شادی کے 14 سال بعد ایک دوسرے سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کر دیا۔

شہزادہ نکولاؤس اور شہزادی تاتیانا کے درمیان طلاق کا اعلان یونان کے سابق شاہی خاندان کے دفتر نے اپنی ویب سائٹ پر کیا ہے۔

ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ شہزادہ نکولاؤس اور شہزادی تاتیانا نے 14سال ایک ساتھ رہنے کے بعد اپنی شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا، دونوں نے زندگی کا یہ بڑا فیصلہ باہمی رضامندی سے خوشگوار انداز میں کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا ہے کہ دونوں مستقبل میں بھی باہمی احترام کے انہی اصولوں کو اور دوستی کے رشتے کو قائم رکھیں گے۔

بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مستقبل میں دونوں کا یونان میں رہنے اور اپنے ملک میں فعال کردار ادا کرنے کا ارادہ ہے۔

واضح رہے کہ شہزادہ نکولاؤس اور شہزادی تاتیانا 2010ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، اس جوڑی کی کوئی اولاد نہیں ہے۔