صبا فیصل کو شریف خاندان کے کپڑے بنانے کا کام کیسے ملا؟

May 07, 2024

اداکارہ صبا فیصل ـــ فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں شریف خاندان کے کپڑے بنانے کا کام بیگم کلثوم نواز کی بہن کے ذریعے ملا۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل صبا فیصل نے اپنے ایک انٹرویو میں یہ بتایا تھا کہ شوبز میں آنے سے پہلے ان کی کپڑوں کی ایک فیکٹری تھی اور وہ مریم نواز اور کلثوم نواز کے لیے بھی کپڑے بناتی تھیں لیکن پھر کراچی منتقل ہونے سے قبل اُنہوں نے اپنی کپڑوں کی فیکٹری بند کر دی تھی۔

اُنہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اسی موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ میں نے مریم نواز اور کلثوم آپا دونوں کے لیے کپڑے بنائے ہیں ان کو میری کلر اسکیم بے حد پسند تھی اور میرے کپڑوں پر ہاتھ کی کڑھائی ہوتی تھی، وہ بھی انہیں پسند تھی۔

اداکارہ نے بتایا کہ حمزہ اور مریم سے چھوٹی بہن کی شادی ایک ساتھ ہوئی تھی تو جہیز اور بری کے سارے کپڑے میں نے بنائے تھے۔

اُنہوں نے بتایا کہ شریف فیملی سے میری دوستی کلثوم نواز کی بہن کے ذریعے ہوئی تھی جو اس وقت ماڈل ٹاؤن میں رہتی تھیں اور مجھے شریف فیملی کے کپڑے بنانے کے آرڈر دیتی تھیں۔

صبا فیصل نے مزید بتایا کہ کلثوم نواز بھی ایک بار میرے گھر آئی تھیں، وہ بہت ہمدرد ، نرم دل، نفیس اور خوبصورت خاتون تھیں۔