جسٹس بابر آڈیو لیکس کیس سے الگ ہو جائیں، چار اداروں کی متفرق درخواست دائر

April 28, 2024

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)پیمرا ، پی ٹی اے ، ایف آئی اے اور آئی بی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر متفرق درخواست کے ذریعے زیر سماعت آڈیو لیکس سکینڈل کیس کی سماعت کرنیوالے جج جسٹس بابر ستار سے کیس سے الگ ہونے کی استدعا کی گئی ہے،ہفتہ کے روز دائر متفرق درخواست میں چاروں ریاستی اداروں کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ اسی نوعیت کی درخواست پر ایک اور بنچ پہلے ہی فیصلہ جاری کرچکا ہے، اختلافی فیصلے سے بچنے کیلئے عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی اور نجم الثاقب کی درخواستوں پر سماعت کرنیوالے جسٹس بابر ستار کیس سے الگ ہو جائیں اور مقدمے کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بنچ آگے بڑھائے جو پہلے اسی نوعیت کی دوسری درخواست پر 2021 میں فیصلہ کر چکا ہے ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نہ صرف جسٹس بابر ستار سماعت سے انکار کر دیں بلکہ اسی نوعیت کی درخواست پر فیصلہ کرنیوالا دوسرا بنچ کارروائی آگے بڑھائے ، درخواست میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پیمرا متعدد بار عدالت میں پیش ہو چکے ہیں مگر تاحال مقدمہ زیر سماعت ہے، آڈیو لیک کیس 29 اپریل کو سماعت کیلئے مقرر ہے، بشری بی بی نے اپنے وکیل لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کیساتھ لیک ہونیوالی آڈیو کو چیلنج کر رکھا ہے جبکہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم الثاقب نے آڈیو لیک پر بننے والی پارلیمانی کمیٹی میں طلبی کا نوٹیفکیشن چیلنج کر رکھا ہے جسٹس بابر ستار پر مشتمل سنگل بنچ دونوں درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کر رہاہے۔