سیاحتی مقامات کی صفائی کے حوالے سے آگاہی واک

April 28, 2024

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)کمیونٹی و سیاحتی مقامات کی صفائی اور سیاحتی آ گاہی مہم کے حوالے سے محکمہ سیاحت مری کے زیر اہتمام پتریاٹہ نیو مری کے مقام پر واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت معظم نذیر، ریجنل منیجر مری نے کی۔ واک میں سکولوں کے طلباء، دکانداروں، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نےآگاہی بینرز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر شہریوں اور سیاحوں میں معلوماتی و آگاہی پمفلٹس، پوسٹرز اور ویسٹ بیگز بھی تقسیم کئے گئے۔ ریجنل منیجر مری کا کہنا تھا کہ ہل سٹیشن مری ہزاروں سیاحوں اور رہائشیوں کو یکساں طور پر اپنی طرف متوجہ کرتا ہے تاہم تیزی سے بڑھتی آبادی اور رش نے ماحولیاتی انحطاط اور حفظان صحت کے مسائل کو جنم دیا ہے۔ مہم کے مقاصد میں حفظان صحت، کمیونٹی کی صفائی اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کی اہمیت کے بارے میں بیداری اور اس حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کو متحرک کرنا شامل ہے۔