ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ، 2 افراد زخمی، سٹریٹ کرائم میں 36 موبائل چھین لئے گئے

May 04, 2024

اسلام آباد ( ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار ) جڑواں شہروں میں 80وارداتوں میں لاکھوں روپے مالیت کی نقدی ،زیورات ، 36 موبائل ، ایک کاراور 28 موٹر سائیکل اڑا لئے گئے ۔ تین موٹر سائیکل اور 18 موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر جبکہ 18 موبائل فون جھپٹا مار کر چھین لئے گئے ۔پولیس نے کروڑوں روپے مالیت کے فراڈ ،خیانت مجرمانہ اور چیک ڈس آنر کے مقدمات بھی در ج کرلئے ۔ تھانہ بنی گالہ کے علاقہ قومی ادارہ صحت کی حدود میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چھ مسلح افراد ناظر حسین سے موٹر سائیکل ،موبائل فون اور نقدی چھین کر لے گئے ،مزاحمت پر انہوں نے مدعی مقدمہ کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا ۔ تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے آئی ٹین سٹاپ کے قریب کار میں گفتگو کر تے دو دوستوں عثمان خالد اور ضیا محمود کو لوٹنے کی کوشش کی اور نا کامی پر فائرنگ کا برسٹ مار کر ضیا محمود کو زخمی کر دیا ۔تھانہ ویمن کو آمنہ خان نے بتایا کہ بحریہ ٹاؤن فیز فور میں صباء گھر میں کام کرتی ہے جس نے طلائی زیورات چوری کرلئے۔ تھانہ آرا بازار کے علاقے مغل آباد میں انو رسلطانہ کے گھر سے آٹھ لاکھ روپے مالیت کے زیورات ،لیپ ٹاپ اور موبائل فون،امر پورہ میں شہباز خان سے دو موبائل فون ،ساڑھے سات لاکھ روپے اور تین تولے کے سونے کے زیورات ،ایئر پورٹ کے علاقےبوستان خان روڈ پر عمر سہیل کی جیولر شاپ سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے کا سونا اور اڑھائی لاکھ روپےچوری ہو گئے۔ تھانہ تھانہ شمس کالونی کو سلیمان شاہ نے بتایا کہ گاڑی میں سوار ہوا تو نامعلوم افراد نے چہرے پر کپڑا ڈال کر 4لاکھ50000روپے چھین لئے۔