وفاقی پولیس کے غازیوں کی نامزدگی ،ویلفیئر ،آئی جی کاسٹینڈنگ آرڈر جاری

May 04, 2024

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار ) آئی جی سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد پولیس کے شہداءکی فلاح و بہبود کے ساتھ پولیس فورس کے غازیوں کی نامزدگی اور ویلفیئر کے لئے سٹینڈنگ آرڈر جاری کر دیا ۔ سٹینڈنگ آرڈرکی رو سے ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز کی سربراہی میں سینئر پولیس افسران کی کمیٹی بنادی گئی جو غازیاں پولیس فورس کی نامزدگی اور انکی فلاح و بہبود کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔سٹینڈنگ آرڈر میں نامزدگی کیلئے معیار جاری کر دیا گیا ہے،جس کی رو سے دوران ڈیوٹی بم دھماکے اور فائرنگ سے زخمی ہونے والے ،امن و امان کے قیام کے دوران شدید جسمانی چوٹوں اور ٹریفک ڈیوٹی کے دوران حادثات کا شکار ہونے والے پولیس افسران کو غازی نامزد کیا جائے گا۔اسلام آباد پولیس غازی میڈل اور اسلام آباد پولیس شجاعت میڈل بھی جاری کر دیا گیا۔سٹینڈنگ آرڈر کے مطابق نامزد غازی کو کلاس ون پولیس سرٹیفکیٹ ،ایک لاکھ روپے انعام اور اعزازی سند دی جائیگی۔ وہ اپنی یونیفارم پر خصوصی غازی میڈل لگائیں گے۔