وزارتیں کم یا ختم کرنے پر کمیٹی کام کررہی ہے، مصدق ملک

May 04, 2024

وفاقی وزیر پیٹرولیم اور ن لیگی سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ غیر ضروری وزارتیں کم یا ختم کرنے پر کمیٹی کام کر رہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ مجھے سعودی عرب کے ساتھ معاملات پر فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی میں تمام ادارے شامل ہیں جس کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری ممکن ہو رہی ہے۔ ہم نےدو قسم کی سرمایہ کاری کی نشاندہی کی ہے، حکومت اور نجی شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاملات سامنے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبےمیں سرمایہ کاری پر بھی مذاکرات ہوئے ہیں، ہم اپنے نجی شعبے کو آگے لا کر سعودی نجی شعبے سے ملا رہے ہیں۔

مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ آئل ریفائنری پر نئے معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ سولر ڈسٹری بیوشن سمیت پاور کے شعبےمیں سرمایہ کاری پر بھی مذاکرات ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کا سیزنل ٹیرف بناکر کپیسٹی ٹیرف کو نیچے لایا جاسکتا ہے، ہمارا خیال ہے گیس کی یکساں قیمت ہونی چاہیے تا کہ سب پر بوجھ یکساں ہو۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے مہنگائی کی بھاری سیاسی قیمت ادا کی ہے، مہنگائی میں یقینی کمی آئی ہے، حکومت ایف بی آر سے کرپٹ لوگوں کو نکال رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیداوار اور شرح ترقی بڑھانی ہے تاکہ برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو، غیرضروری وزارتیں کم یا ختم کرنے پر کمیٹی کام کررہی ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے اہم یہ ہےکہ پڑھا لکھا نوجوان مایوس نہ ہو، ہمارے معاشرے میں سیاسی تقسیم، نفرت بہت زیادہ ہوچکی ہے۔ ہم اس معاشرتی تقسیم کو ختم کر کےبہتر معاشرہ تشکیل دینے کی کوشش کررہے ہیں۔