پی ایس ایل میچز مزید دلچسپ بنانے کیلئے نئی تجاویز پیش

May 04, 2024

فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ ایڈیشن کے میچز مزید دلچسپ بنانے کےلیے نئی تجاویز پیش کردی گئیں۔

آج پی ایس ایل اجلاس میں پلیئنگ کنڈیشنز پر مختلف تجاویز پر غور ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹاس کے موقع پر دونوں ٹیموں کو دو، دو ٹیم شیٹس دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ ٹیمیں ٹاس کے نتیجے کے بعد دونوں میں سے ایک کو فائنل الیون قرار دے سکتی ہیں۔ تجویز کا مقصد ٹاس ہارنے کے نقصان کو کم کرنا ہے۔

پی ایس ایل میں بگ بیش کی طرح پاور سرج بھی متعارف کروانے پر غور کیا جارہا ہے۔

پاور سرج میں ٹیمیں گیارہویں اوور سے آخر تک دو اوورز کا پاور پلے لے سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاور سرج کے دو اوورز کے دوران صرف دو فیلڈرز دائرے کے باہر ہوں گے۔ پاور سرج پلیئنگ کنڈیشنز میں آنے کی صورت میں ابتدائی پاور پلے چار اوورز کا ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ایس ایل انتظامیہ لیگ میں ایکس فیکٹر یا امپیکٹ پلیئر کے حق میں نہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مجوزہ پلیئنگ کنڈیشنز پر اگلے اجلاس میں مزید غور کیا جائے گا۔ پی ایس ایل انتظامیہ نے مقابلے مزید دلچسپ بنانے کےلیے فرنچائز سے بھی رائے مانگی ہے۔