سیدنا عثمان غنیؓ کی شان میں گستاخی کرنیوالوں کو گرفتار کیا جائے، سنی علماء کونسل

May 05, 2024

راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر) سیدنا عثمان غنیؓ کی شان میں گستاخی کرنیوالوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ گستاخی کے خلاف 9 مئی جمعرات کو جامع مسجد رحمانی آبپارہ سے دفاع سیدنا عثمان غنیؓ مارچ نکالا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار سنی علماء کونسل راولپنڈی ڈویژن کے صدر مفتی تنویر عالم فاروقی، ضلعی صدر حافظ نصیر احمد،مولانا عبدالرحمن معاویہ، مولانا عبدالرزاق حیدری،مولانا طیب حیدری،محمد یاسر قاسمی و دیگر رہنماؤں نے جامع مسجد رحمانیہ آبپارہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک پروگرام میں ایک شخص کی طرف سے داماد نبی،خلیفہ سوم حضرت سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ اور جنگ احد کے صحابہ کرام کی شان اقدس میں کی جانے والی گستاخی پر سخت الفاظ میں احتجاج کرتے ہیں۔علمائے کرام نے کہاکہ میڈیا پر ایسے اسلامی تعلیمات سے نابلد لوگوں کو بلانا اور ان کے پروگرام نشر کرنا ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کا باعث ہے۔ریاستی ادارے اس شخص اور پروگرام نشر کرنے والے اینکر پرسن پر مقدمہ درج کر کے کڑی سزا دیں۔انہوں نے کہاکہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ناموسِ صحابہ واہلبیت ؓ ترمیمی بل کا فی الفور عملی نفاذ کیا جائے تاکہ ایسے واقعات کا سدباب ہو سکے۔