کار پارک سے 40 ملین پاؤنڈ مالیت نصف ٹن کوکین برآمد، 4 افراد گرفتار

May 07, 2024

لندن (پی اے) نیشنل کرائم ایجنسی کے مطابق پولیس نے ایسٹ یارک شائر کے ایک دیہات Lelley کے پب کارپارک سے 40ملین پائونڈ مالیت کی نصف ٹن کوکین برآمد کر کے4افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایسٹ یارک شائر پولیس نےبتایا ہے کہ ہل کےقریب ایسنگٹن کی چٹانوں ایک کشتی لاوارث کھڑی پائی گئی۔ پولیس کے مطابق کلاس اے منشیات برآمد کرنے کے شبہے میں گرفتار کئے گئے 4 افراد میں 3 کا تعلق اسکاٹ لینڈ سے اور ایک کا کولمبیا سے ہے، یہ چاروں افراد ابھی پولیس کی حراست میں ہیں۔ NCA کے سینئر تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ پکڑی جانے والی کوکین کی مالیت بہت زیادہ ہے اور اس کا پکڑا جانا منظم جرائم پیشہ گروپ کیلئے بہت بڑا دھچکہ ہے، جو اسے برطانیہ لانا چاہ رہے تھے۔ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ یہ منشیات برطانیہ کی کمیونٹیز میں ہی فروخت کی جاتیں اور اس سے مزید جرائم اور استحصال جنم لیتا، منشیات کے خلاف اس آپریشن میں ہمبرسائیڈ پولیس کی مدد کرنے والوں میں یارک شائر اور ہمبر کا ریجنل آرگنائزڈ کرائم یونٹ اور بارڈر فورس شامل تھی۔ گرفتار کئے جانے والوں میں 22،32،24 سال عمر کے 3 نوجوانوں کا تعلق آرگل، اوباناورکیمپ بلٹائون سے اور ایک 39 سالہ نوجوان کا تعلق کولمبیا سے ہے۔