برطانوی معاشرے کی اخلاقی قدروں کو اجاگر کیا جائے، میئر لوٹن

May 19, 2024

لوٹن (نمائندہ جنگ) مئیر لوٹن کونسلر حافظ محمد یعقوب حنیف نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ برطانوی معاشرے کی اخلاقی قدروں کو اجاگر کیا جائے۔انہوں نے یہ بات لوٹن ٹاوٴن ہال مئیر پارلر میں سینئرصحافی اور پاکستان پریس کلب یوکے کے سابق صدر شیراز خان کو ان کی صحافتی خدمات کے عوض تعریفی اسناددینے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مئیر محمد یعقوب حنیف کا کہنا تھا کہ شیراز خان نہ صرف مقامی طور پر صحافت میں کمیونٹی کی خدمات احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں بلکہ وہ بین الاقوامی طور پر بھی کمیونٹی کے لئے ایک سفیر کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا موجودہ دور میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ برطانوی معاشرے کی اخلاقی قدروں کو اجاگر کیا جائے برطانیہ کا معاشرہ جمہوریت، آزادی اظہارِ رائے،انسانی حقوق، یکساں مواقع، بھائی چارگی قانون و انصاف کی عملداری اور ویلفیئرا سٹیٹ کے طور پر دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے جس کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر شیراز خان نے مئیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مئیر کی جانب سے تعریفی اسناد سے ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔تقریب میں مئیرز پارلر میں کشمیر سالیڈیریٹی کمپئین لوٹن کے کوآرڈینیٹر حاجی چوہدری محمد قربان اور پاکستان پریس کلب یوکے کے ایگزیکٹو رکن عتیق الرحمٰن چوہدری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مئیر نے کونسل کی جانب سے سونئر حاجی قربان اور عتیق الرحمٰن کو پیش کیے۔