ٹیکساس میں شدید بارش اور طوفان سے 8 افراد ہلاک

May 19, 2024

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید بارش اور طوفان کے باعث 8افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ہیوسٹن شہر میں بلند و بالا عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹنے، درخت گرنے اور بجلی کی تاروں کو نقصان پہنچنے سے 10لاکھ سے زائد افراد بجلی کی سہولت سے محروم ہو گئے۔ ہیوسٹن کے میئر جان واٹمائر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ شدید طوفان کی وجہ سے 4افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے علاقے کے مکینوں سے گھر پر رہنے کی اپیل کی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ہیوسٹن کے اسکولوں نے تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 160کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والے طوفان کی شدت 2008ء میں آنے والے آئیکے طوفان جیسی تھی۔