آسٹریلیا: چاقو سے حملے کا ایک اور واقعہ، ایک شخص زخمی

May 07, 2024

پرتھ (نیوز ڈیسک) آسٹریلیوی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک شخص پر چاقو سے حملہ کرنے والے 16 سالہ نوجوان حملہ آور کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب مغربی آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں ایک واقعہ رونما ہوا جس کی اطلاع مقامی پولیس کو مقامی مسلم کمیونٹی کے اراکین نے حملے سے قبل دی تھی۔ پولیس کے مطابق پرتھ کے علاقے ولٹن میں پیش آنے والے واقعے کے دوران 16سالہ لڑکے نے کچن کی چھری سے متاثرہ شخص کی پیٹھ پر وار کیے جس سے وہ زخمی ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چاقو حملے میں زخمی ہونے والا شخص ہسپتال میں زیرِ علاج ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں دہشت گردی کا عنصر موجود ہے تاہم اسے دہشت گردی قرار نہیں دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کے شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں، اب تک کی اطلاعات کے مطابق حملہ آور نوجوان کو دہشت گردی کی آن لائن تربیت دی گئی تھی۔خیال رہے کہ سڈنی میں 15اپریل کو ایک پادری پر لائیو خطاب کے دوران چاقو سے حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس نے دہشت گردی کے جرائم میں چند لڑکوں کو گرفتار کیا ہے۔اس سے قبل سڈنی کے ساحلی علاقے بونڈی میں چاقو سے حملوں کی وارداتوں میں 6افراد ہلاک ہوئے تھے۔ آسٹریلیا جسے محفوظ ترین ممالک کی فہرست میں شمار کیا جاتا ہے وہاں بندوق اور چاقو سے حملوں کا ہونا انتہائی غیر معمولی ہے۔