بانی پی ٹی آئی نے سیکرٹ ایکٹ کی کس شق کی خلاف ورزی کی ہے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ

May 07, 2024

اسلام آباد (خبر نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سیکرٹ ایکٹ کی کس شق کی خلاف ورزی کی ہے؟، ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر حامد علی شاہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا کہ سائفر سیکورٹی کا مقصد یہی ہے کہ اسے کسی غیر متعلقہ شخص کے پاس جانے سے روکا جائے۔ اس دستاویز کو سابق وزیر اعظم نے غیر مجاز طور پر نہ صرف اپنے پاس رکھا بلکہ اس کی حفاظت بھی نہیں کر سکے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے سوال اٹھایا کہ کیا سابق وزیر اعظم خفیہ دستاویز کی حساسیست سے واقف تھے اور انہوں نے لاپرواہی کی؟ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ سابق وزیر اعظم کے پاس سائفر کی کاپی موجود تھی جس کا انہوں نے مختلف پلیٹ فارم پر ذکر کیا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سائفر بہت اہم ہوتاہے اور اگر لیک ہو جائے تو سارے کوڈ پبلک ہو جاتے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزاوں کیخلاف اپیلوں کی سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی وکلا بیرسٹر سلمان صفدر ، سردار لطیف کھوسہ اور دیگر پیش ہوئے سپیشل پراسکیوٹر حامد علی شاہ نے کہاسائفر ٹیلی گرام کو چھ ماہ کے بعد ضائع کردیا جاتا ہے یا اس میں توسیع کی جاتی ہے۔