جگر کی ایک ہزار کامیاب پیوند کاری، مراد علی شاہ کا خطاب

May 19, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، گمبٹ نے ایک ہزار جگر کی کامیاب پیوند کاری کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ جگر کی پیچیدہ پیوند کاری پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر کی ایک نمایاں کامیابی ہے۔سر کاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے ان خیالات کا اظہار انھوں نے جگر کی ایک ہزار کامیاب پیوند کاری پر منعقدہ تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد ادارے کےڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کی جانب سے کیاگیا۔وزیر آبپاشی جام خان شورو، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور سیکریٹری صحت ریحان بلوچ نے بھی وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہمیشہ گمبٹ انسٹیٹیوٹ کی کامیابیوں کو سراہتے ہیں اور چیئرمین کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ جگر کی پیوندکاری کے 1000 مریضوں میں سے 460 کا تعلق سندھ، 347 کا پنجاب، 141 کا بلوچستان ، 36 کا خیبرپختونخوا، 9 کا کشمیر اور4 کا افغانستان سے ہے۔