آئی سی سی بی ایس، ایگزیکٹیو بورڈ کا اہم اجلاس، اقبال چوہدری کو مشیر لگانے کی کوشش ناکام

May 07, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس ) جامعہ کراچی میں ایگزیکٹیو بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا ، جس میں کونسل کے تمام اراکین سمیت نمائندہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ، وائس چانسلر جامعہ کراچی نے شرکت کی ۔اجلاس میں کوشش کی گئی تھی کہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ ڈائریکٹر رہنے والے پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کو کسی نہ کسی طرح ICCBS میں ایڈوایزر تعینات کیا جائے ۔ اجلاس کا دوسرا اہم ایجنڈا یہ تھا کہ موجودہ قائم مقام ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین کو ہٹا کر ان کی جگہ کسی اور کو عارضی چارج دیا جائے اور اس کے بعد باقاعدہ اشتہار جاری کر کے نیا ڈائریکٹر بھرتی کیا جائے, جب کہ آئی سی سی بی ایس کے رولز کے مطابق اشتہار کے ذریعے ڈائریکٹر کی بھرتی کے بجائے تین سینیئر پروفیسرز میں کسی ایک کا انتخاب اعلی اتھارٹی کو کرنا ہوتا ہے ۔ تاہم مذکورہ تینوں ہی امور کو زیر بحث لایا گیا جن کو وائس چانسلر نے سختی سے رد کر دیا ۔ جب کہ اس موقع پر موجودہ ڈائریکٹر کی جانب سے سینٹر کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن دی گئی جسے اجلاس کے اراکین اور ڈونر دونوں ہی دیکھ کر حیران ہو گئے کہ انہیں واقعی ماضی میں گمراہ کن معلومات دی جاتی رہی ہیں ۔دوسری جانب بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم کے تمام اساتزہ و ملازمین کی جانب سے اجلاس کے تمام ممبران کے نام ایک طویل درخواست لکھی گئی تھی جس میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسی بھی طرح موجودہ ڈائریکٹر کو نہ ہٹایا جائے اور کسی بھی صورت پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کو سینٹر میں داخل ہونے سے روکا جائے ۔ اساتذہ، افسران اور ملازمین کی اکثریت نے متفقہ طور پر بین الاقوامی مرکز میں غیر قانونی طور پر بحیثیت ڈائریکٹر 23 سال راج کرنے والے ڈاکٹر اقبال چوہدری کے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کی ایک قرار داد پر دستخط بھی کیے ہیں ۔قرار داد میں سینئر پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز، اسسٹنٹ پروفیسرز ریسرچ آفیسرز، افسران اور ملازمین نے متفقہ طور پر دستخط کیے ہیں ۔ اس قرار داد میں شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی سے ڈاکٹر اقبال چوہدری کے ادارے میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے اساتذہ، افسران اور ملازمین کی دستخط شدہ قرار داد 6 مئی کو شیخ الجامعہ کراچی کی صدارت میں ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میں منعقدہ ادارے کی ایگزیکٹو بورڈ میں تمام بورڈ ممبران کو بھی پیش کی گئی ہے ۔ جس میں واضح طور لکھا ہے کہ ڈاکٹر اقبال چوہدری اپنے چند شاگرد فیکلٹی ممبرز کے ساتھ ادارے کی انتظامیہ کو بدنام کرنے اور انتظامی امور یعنی کارِ سرکار میں بے جا مداخلت کے مرتکب پائے گئے ہیں ۔