مئیر لندن نے فلسطین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا

May 07, 2024

مئیر لندن صادق خان نے فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔

صادق خان کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت عوامی سطح پر جنگ بندی کا مطالبہ کرے، حکومت اسرائیل کو رفح پر حملہ کرنے سے روکے۔

میئر لندن صادق خان نے کہا کہ رفح پر اسرائیلی حملہ بہت بڑا المیہ ہوگا، رفح پر حملے کی صورت میں مزید بےگناہ فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی خاندانوں کو امداد فراہم کرنا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہوجائے گا۔

صادق خان کا کہنا تھا اسرائیل فلسطین تنازع پر برطانوی حکومت کے نقطہ نظر میں فوری تبدیلی کی ضرورت ہے، برطانیہ اب خود کو شہریوں کی ہلاکتوں میں ملوث رہنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی فوری طور پر بند کرے۔