امریکا میں پادری کو قتل کرنے کی کوشش، ملزم کی پستول خراب ہوگئی

May 07, 2024

امریکا کی ریاست پنسلوینیا میں ایک گرجا گھر میں ملزم نے پادری پر فائرنگ کرنے کی کوشش کی تاہم ملزم کی پستول سے گولی نہ چل سکی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق گرجا گھر میں اچانک ایک شخص نے پادری پر پستول تان لی تاہم گولی نہ چل سکی، موقع پر موجود لوگوں نے ملزم کو پکڑ لیا۔

اس تمام واقعے کی ویڈیو گرجا گھر میں لگے کمیرے میں ریکارڈ ہوگئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت 26 سالہ برنارڈ بلیٹ کے نام سے ہوئی ہے، اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے پہنچنے کے بعد ملزم نے پادری سے بات کرتے ہوئے معافی مانگی۔

گرجا گھر کے پادری کا کہنا تھا کہ ملزم دماغی بیماری میں مبتلا لگ رہا تھا، اس نے بتایا کہ میں نے آوازیں سنیں کہ جاؤ پادری کو گولی مارو۔