امریکا، میڈیکل بل برادشت سے باہر، شوہر نے اسپتال میں بیوی کو قتل کردیا

May 07, 2024

امریکا کے ایک اسپتال میں میڈیکل بِل ادا نہ کرنے میں ناکامی پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق واقعہ امریکی ریاست میسوری میں گزشتہ جمعہ پیش آیا، ملزم نے گلا دبا کر بیوی کو قتل کیا، رونی وگز نامی ملزم نے پولیس کو بتایا کہ بیوی کے میڈیکل بلز برداشت نہیں کر سکتا تھا۔

رپورٹس کے مطابق اسپتال کے عملے نے آئی سی یو میں خاتون مریض پر مبینہ حملے کے بعد پولیس کو اطلاع دی تھی، مریضہ کا ڈائیلاسز کا عمل چل رہا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ملزم نے علاج کے دوران اسپتال کے بستر پر بیوی کا گلا گھونٹا اور مبینہ طور پر اس نے خاتون کا منہ اور ناک بھی دبا دی تھی تاکہ وہ مدد کے لیے کسی کو بلا نہ سکے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ مالی طور پر کمزور اور ڈپریشن میں مبتلا تھا جس کے نتیجے میں اس نے بیوی کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔