فلسطینیوں کی حمایت میں تعلیمی اداروں میں احتجاجی مظاہرے جاری

May 08, 2024

واشنگٹن/لندن/پیرس(نیوزڈیسک) غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف امریکا، کینیڈا، فرانس اور آسٹریلیا سمیت مختلف ملکوں کی یونیورسٹیوں میں طلبہ کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ یہ مظاہرے ڈنمارک اور بلجیم سمیت مزید کئی ممالک کے تعلیمی اداروں تک پھیل گئے ہیں۔ امریکا میں 30سے زیادہ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں غزہ کی جنگ کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور پولیس کی جانب سے مظاہروں کو سختی سے کچلنے کی وجہ سے کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی میں پولیس اہلکار کی فائرنگ کے بعد کلاسیں منسوخ کردی گئیں جبکہ کولمبیا یونیورسٹی اور سٹی کالج نیویارک سے دو روز کے دوران 282افراد گرفتار کیا گیا۔ امریکا کی پورٹ لینڈ یونیورسٹی میں فلسطین کے حامی مظاہرین کی طرف گاڑی دوڑانے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔ ایمری یونیورسٹی کے مظاہرین نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے احتجاج ختم نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے، امریکا بھر میں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے قائم احتجاجی کیمپوں کی تعداد 80 تک جا پہنچی ہے اور گرفتار طلبہ کی تعداد 2ہزار سے متجاوز ہوچکی ہے۔ امریکہ کی اکثر جامعات میں طلبہ نے موسم گرما کی چھٹیوں میں بھی فلسطینیوں کے حق میں احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ چھٹیوں میں بھی کیمپ خالی نہیں کیے جائیں گے۔ دوسری جانب ہیومن رائٹس واچ نے طلبہ پر تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ پرامن احتجاج کچلنے کیلئے اختیارات کا غلط استعمال نہ کریں، امریکی صدر بائیڈن نے بھی مظاہرین سے پرامن رہنے کی اپیل کردی ہے۔ واضح رہے کہ طلبہ کی جانب سے تعلیمی اداروں سے منسلک اسرائیلی کمپنیوں سے مالی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔امریکی خبرایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 2ہزار سے زیادہ مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ لاس اینجلس میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے کیمپس میں تعینات پولیس کے مطابق کیمپس میں فلسطین کے حامی احتجاجی کیمپ کو ختم کرنے سے انکار پر200سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ دوسری جانب فلسطینی عوام کی حمایت میں امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی سے شروع ہونے والے مظاہروں کا سلسلہ برطانیہ، فرانس،ایران ، بھارت اور کئی دوسرے ملکوں تک پھیل گیا ہے۔