برٹش ائرویز کی پرواز بم کی دھمکی پر خالی کردی گئی

May 08, 2024

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) برٹش ائرویز کی پرواز کے مسافروں کو برمودا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بم کی دھمکی کے بعد ٹیک آف کرنے سے پہلے ہی اترنے پر مجبور کر دیا گیا اس پرواز کو جس نے گزشتہ رات 8.50بجے لندن کے لیے روانہ ہونا تھا دھمکی ملنے کے بعد اسے فوری طور پر خالی کرنا پڑا۔ برمودا پولیس سروس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس کو کاز وے اور کنڈلے فیلڈ روڈ پر بھیجا گیا تھا جسے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا ہوائی اڈے کی عمارت اور اس کے ماحول کی ہوائی اڈے کی سیکورٹی کے ذریعے تلاشی لی گئی۔ اس امر کی پولیس کی طرف سے تصدیق کی گئی ہے کہ برٹش ائرویز کی پرواز کے مسافروں کو برمودا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بم کی دھمکی کے بعد ٹیک آف کرنے سے پہلے اترنے پر مجبور کیا گیا، اس پرواز کو جس نے گزشتہ رات 8.50 بجے لندن کے لیے روانہ ہونا تھا دھمکی ملنے کے بعد اسے فوری طور پر خالی کرنا پڑا، پولیس کی بھاری نفری نے ہوائی اڈے میں سرچ آپریشن کیا جب تمام معاملات کلیئر دے دیئے گئے اور ہوائی اڈے کو محفوظ قرار دے دیا گیا تو پولیس کی طرف سے ائرپورٹ سے ملحقہ ٹریفک کو بھی بحال کر دیا گیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ سڑک کی بندش کے دوران عوام کو صبر کا مظاہرہ کرنا چاہئے برٹش ائرویز کے ترجمان نے کہا کہ ہمارے صارفین اور ساتھیوں کی حفاظت ہمیشہ ہماری اولین ترجیح ہوتی ہے اور ہم نے طیارے کو اتارنے کے لیے اپنے معیاری طریقہ کار پر عمل کیاہماری ٹیمیں مسافروں کی دیکھ بھال کر رہی ہیں اور عملے کو بھی ہر ممکنہ سہولیات مہیا کی جاتی ہیں، طیارے کے مسافروں اور ائر پورٹ پر موجود لوگوں کی بڑی تعداد اس سرچ آپریشن کے دوران پریشانی کا شکار دکھائی دی۔