برطانیہ کے کیرن ولسن نے اپنا پہلا ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ ٹائٹل جیت لیا

May 08, 2024

لندن (اے پی پی)انگلینڈ کے کیرن ولسن نے پہلی مرتبہ ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔32سالہ کیرن ولسن نے فائنل میچ میں ہم وطن حریف کیوئسٹ جیک جونز کو 14-18سے ہرا کر پہلی مرتبہ ورلڈ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کا فائنل کروسبیل تھیٹر، شیفیلڈ میں کھیلا گیا جس میں انگلینڈ کے کیوئسٹ کیرن ولسن نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ویلز کے ہم وطن حریف کیوئسٹ جیک جونز کو بیسٹ آف 35فریمز میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد 14-18 سے شکست دی اور پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ شیفیلڈ میں اس بڑی فتح کے بعد کیرن ولسن ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے انگلینڈ کے چودہویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔بی بی سی ٹو کے مطابق ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیتنے کے بعد کیرن ولسن نے کہا کہ وہ اپنی اس فتح پر بہت خوش ہیں اور مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید فتوحات کریں گے۔ کیرن ولسن نے کہاکہ میں اپنی فتح کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا کیونکہ میرے والدین نے مجھے یہاں تک پہنچانے کے لیے اپنی پوری زندگی قربان کر دی۔انہوں نے کہا کہ فائنل میچ کے دوران میں نے اپنی تمام تر توجہ اپنے کھیل پر رکھی اور اپنی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کا نتیجہ فتح کی صورت میں ملا۔