حب ڈیم سے نئی نہر، موجودہ نہر کی بحالی ایک سال میں مکمل ہوگی، میئر کراچی

May 08, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی و چیئرمین واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حب ڈیم سے نئی نہر اور موجودہ نہر کی بحالی کا منصوبہ ایک سال میں مکمل ہوگا،میئر کراچی کے مطابق ضلع غربی، وسطی، کیماڑی، لیاری اور دیگر علاقوں کے مکینوں کو فائدہ ہوگا۔ منگل کے روز کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کراچی میں پانی کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے 12 ارب روپے کی لاگت سے حب ڈیم سے نئی نہر ڈالنے اور موجودہ نہر کی بحالی کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے جسے 12 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا، کے فور منصوبے کے لئے بھی 77 ارب روپے کا منصوبہ سندھ حکومت ایکنک کو منظوری کے لئے بھیج چکی ہے، پیپلزپارٹی عوام سے کئے گئے ایک ایک وعدے کو پورا کرے گی اور جلد ہی انہیں بہتر ہوتا اور بدلتا ہوا کراچی نظر آئے گا، ، اس موقع پر سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد،میئرکراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، جمن دروان اور دیگر منتخب نمائندے و افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سپورٹ سے کراچی شہر کے اندر اضافی پانی لانے کی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے منظوری دی۔