گلشن حدید میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پراپرٹی ڈیلر جاں بحق

May 08, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر) گلشن حدید میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پراپرٹی ڈیلر جاں بحق ہوگیا،کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری اور ڈاکو کا ساتھی زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاون تھانے کی حدود گلشن حدید ایکسٹینشن راو آرکیڈکے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار شہری 56 سالہ پرویز احمد ولد نورمحمد جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ مقتول کو چار گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کے خول ملے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے جیب سے پیسے ملے ہیں لیکن اس کا موبائل فون موجود نہیں ہے۔ مقتول پراپرٹی ڈیلر تھا اور فلک ناز کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق میرپورخاص سے تھا ۔