9 مئی ملکی تاریخ میں یومِ سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، صدر مملکت

May 08, 2024

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 9 مئی ملکی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ 9 مئی کو تشدد کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔

صدر مملکت نے ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹ پر مبنی مہم کے سدباب کا طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں رواداری اور جمہوری اقدار کے فروغ کےلیے کام کریں۔

آصف زرداری نے کہا کہ 9 مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا، مشتعل ہجوم نے سرکاری املاک، فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔ 9 مئی کے واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر ہوا، پُرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے، حملے ریاستی رٹ، قانون کی حکمرانی اور ادارے کمزور کرنے کی کوشش تھے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پُرامن مظاہرے اور تعمیری تنقید جمہوریت کی روح ہیں، آئین پاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق دیے گئے ہیں، بنیادی حقوق کو آئین و قانون کے مطابق انتہائی ذمہ داری سے استعمال کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی حقوق کا غلط استعمال کر کے تشدد پر اُکسانے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے۔ ذمہ دار جمہوریتوں میں سیاسی مفاد کےلیے ریاستی املاک کی تباہی، توڑ پھوڑ کبھی نہیں دیکھی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کے دفاع میں پیش پیش رہی ہیں۔ 9 مئی کو تشدد کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔ سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے، سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے سماجی و اقتصادی چیلنجز میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں رواداری، جمہوری اقدار کے فروغ کےلیے کام کریں۔ تمام سیاسی جماعتیں مذاکرات، قوم کی درست سمت میں رہنمائی کےلیے کام کریں۔ سیاسی جماعتیں، پارلیمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی جمہوریت کو مضبوط کریں، قانون کی حکمرانی، رواداری، سیاسی مکالمے اور شمولیت کے کلچر کو فروغ دیں۔