وزیراعلیٰ کے پی کا کرغزستان مفت خصوصی پروازیں بھیجنے کا فیصلہ

May 19, 2024


علی امین گنڈاپور : فوٹو فائل

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کرغزستان میں پھنسے ہوئے پاکستانی طلبہ کو واپس لانے کےلیے مفت پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، خصوصی پروازیں کل سے شروع ہوں گی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پہلی خصوصی پرواز کل اور دوسری پرواز پرسوں بشکیک سے پاکستانیوں کو لے کر پشاور پہنچے گی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ کرغزستان میں پھنسے پاکستانیوں کو بحفاظت وطن واپس لانا ہماری ذمہ داری ہے۔ دیگر صوبوں کے لوگوں کو بھی وطن واپس لانے کےلیے مفت ایئر سروس فراہم کرنے کا بندوبست کیا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بشکیک میں پھنسا پاکستان کا کوئی بھی شہری 03433333049 اور 03440955550 پر رابطہ کر سکتا ہے، طالب علم مفت ائیر سروس پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر حاصل کر سکتا ہے۔ پاکستانیوں کے اہلخانہ معلومات کےلیے ٹال فری نمبر 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت باقی پاکستانیوں کو بھی بحفاظت وطن واپس لانے کیلئے سہولتیں فراہم کرے گی۔ دعا ہے کہ کرغزستان میں جو مسئلہ بنا ہوا ہے وہ جلد حل ہو جائے، ہماری یہ بھی دعا ہے کہ تمام پاکستانی بحفاظت وطن واپس لوٹ آئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پہلے بھی آپ کے ساتھ تھی، اب بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔