مداخلت کسی کے حق میں ہو یا خلاف عدلیہ قبول نہیں کریگی، تجزیہ کار

May 09, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘ ‘ میں گفتگوکرتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ مداخلت کسی کے حق میں ہو کسی کیخلاف عدلیہ قبول نہیں کریگی، عدلیہ کو اسٹینڈ لینا چاہئے، فریم ورک طے کرنا اور معاملہ کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہئے،پروگرام میں تجزیہ کار فخردرانی ،شہزاد اقبال ، ریما عمراورسلیم صافی نے اظہار خیال کیا۔ تجزیہ کار فخردرانی نے کہاکہ دیکھیں یہ پہلی دفعہ نہیں ہوا کہ عدلیہ میں مداخلت کیا جاتا ہے، یہ الزامات آج سے نہیں ہیں ماضی قریب میں اس طرح کے بہت سارے واقعات تھے جو واضح ایجنسیوں کی طرف سے مداخلت کی گئی تھی لیکن اب میں دیکھتا ہوں کہ اس میں عدلیہ کا جو اپنا کردار ہے مجھے دہرا معیار نظر آتا ہے مداخلت کے حوالے سے بھی، مداخلت کسی کے حق میں ہو کسی کے خلاف ہو یہ کسی صورت میں عدلیہ قبول نہیں کرے گی ، تجزیہ کار شہزاد اقبال نے کہا کہ کیا آپ ان سب ججوں کوکٹہرے میں کھڑا کر کے سوالات کریں گے، ان کا ٹرائل کریں گے؟ یہ تو مجھے ہوتا نظر نہیں آرہا،میرے خیال میں جسٹس اطہر من اللہ کی رائے میں وزن نظر آتا ہے، اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ہم زمینی حقائق سے واقف ہیں۔