بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سے متعلق معاملات پر امریکا کی کوئی پوزیشن نہیں، میتھیو ملر

May 09, 2024

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سے متعلق معاملات پر امریکا کی کوئی پوزیشن نہیں۔ یہ وہ معاملات ہیں جن کا فیصلہ حکومت پاکستان کو کرنا ہے۔

میتھیو ملر نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکا پاکستانی حکومت کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، وہ عمران خان کی رہائی کے حوالے سے امریکا کے کردار سے متعلق سوال کا جواب دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بشام حملے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، دہشتگرد گروہوں سے متعلق درپیش مشترکہ خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ پاکستان کو دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

میتھیو ملر کا پاکستان سے افغان مہاجرین بشمول دستاویزات رکھنے والے افغان شہریوں کی بے دخلی سے متعلق کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس معاملے سے متعلق خدشات کو دور کیا جائے۔