سانحہ 9 مئی‘ ایک سال مکمل‘ ملک بھر میں ریلیاں‘ فوج سے یکجہتی

May 10, 2024

اسلام آباد/لاہور(ایجنسیاں)سانحہ 9مئی کو ایک سال مکمل ہونے پر آزادکشمیر سمیت ملک بھر میںاحتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور پاک فوج سے یکجہتی کااظہار کیاگیاجبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے کہ گزشتہ سال 9مئی کو ریاست پر حملہ کیا گیا، جن خواتین اور مرد حضرات نے یہ حملہ کیا وہ سزا کے مستحق ہیں‘شرپسندعناصرسے بات چیت نہیں ہوسکتی ‘وفاقی وزرا خواجہ آصف اور عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والے اب امریکی سفیر سے مل رہے ہیں‘ نو مئی کے کرداروں کو سب جانتے ہیں‘

وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ 9مئی کےپیچھے قوم کو تقسیم کرنے کی کہانی ہے جبکہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے کہاہے کہ کہ9مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے‘سانحہ 9مئی خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی ناکام کوشش تھی ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ سانحہ 9مئی پر افواج پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے۔

اس سیاہ دن سیاسی طور پر محرک اور برین واشڈ شرپسندوں نے ایک بغاوت کی، اس روز جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا گیا‘مسلح افواج نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا اور تخریب کاروں، سرغنوں کے ساتھ ساتھ ان کے منصوبہ سازوں کی گھنانی سازش کو ناکام بنا دیا۔

قومی ہم آہنگی اور استحکام کو نقصان پہنچانے میں ناکام ہو کر اس سازش کے منصوبہ ساز، سہولت کاروں اور اس پر عمل کرنے والوں نے مسلح افواج اور ریاست کے خلاف نفرت کی ایک مذموم مہم شروع کر دی تاکہ بیانیے کو اپنے فائدے کے لیے موڑ دیا جائے اور الزام ریاستی اداروں پر ڈالا جائے، یہی وجہ ہے کہ سانحہ 9مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عمل درآمد کرنے والوں کے ساتھ نہ تو کوئی سمجھوتہ ہو سکتا ہے اور نہ ہی انہیں ملک کے قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی۔