برازیل : سیلاب میں پھنسے گھوڑے نے اپنی جان کیسے بچائی؟

May 10, 2024

برازیل میں آنے والے تباہ کُن سیلاب کی مختلف ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔

ایسی ہی ایک ویڈیو ایک گھوڑے کی بھی ہے جس نے اپنی عقل کا استعمال کرتے ہوئے ایک گھر کی چھت پر کھڑے ہوکر اپنی جان بچانے کی کوشش کی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کے جنوبی سرحدی علاقے ریو گرانڈے ڈو سل میں آنے والے حالیہ سیلاب کے نتیجے میں اب تک 100 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی اور 136 لاپتہ اور 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے سے جاری شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے ہونے والی تباہی کے مناظر عکس بند کرتے ہوئے گزشتہ بدھ کو مقامی میڈیا کے ادارے کی توجہ اس گھوڑے نے سمیٹ لی جو اپنی جان بچانے کے لیے گھر کی چھت پر چڑھ گیا تھا۔

براہِ راست نشریات کے دوران کیمرے میں قید ہونے والے مناظر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر بھی گردش کرنے لگے۔

تاہم اب برازیل کے محکمہ شہری دفاع نے ریسکیو آپریشن کرکے اس گھوڑے کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق برازیلین حکام نے گزشتہ ہفتے سے جاری شدید بارشوں کے نتیجے میں پہلے ہی سیلاب الرٹ جاری کردیا تھا، جس کے بعد 1 لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد نے نقل مکانی کرلی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور پر اس گھوڑے کے مالکان بھی ان افراد میں شامل ہوں گے جو خراب موسم کی صورتحال کے باعث اسے یہی چھوڑ کرعلاقے سے نقل مکانی کرچکے ہیں۔