سیکیورٹی فورسز نے پشین میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے خود کش حملہ آور سمیت فتنہ الخوارج کے5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ ملک بھر سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
پشین میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن قومی عزم کا عکاسی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔