پاکستان اذلان شاہ ہاکی ٹرافی جیت سکتا ہے، سابق اولمپئنز

May 11, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے سابق ہاکی اولمپئینز نے اذلان شاہ ہاکی فائنل کے لئے پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا ہے،عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا 15 واں اور جاپان کا 16 واں نمبر ہے۔قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین نےکہا ہے کہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے۔ پاکستان فائنل جیت سکتا ہے۔سابق کپتان حسن سردار نے کہا کہ فائنل تک رسائی خوش آئند ہے کھلاڑی فائنل کا دباؤ لئے بغیر کھیلے تو جیت سکتے ہیں، سابق کپتان حنیف خان نے کہا کہ پاکستان فائنل جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے، حریف کھلاڑیوں پر نگاہ رکھنے اور گیند کو اپنے کنٹرول میں رکھنے کی ضرورت ہے، سابق ہیڈ کوچ قمر ضیاء نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہے، درجہ بندی میں پاکستان بہتر ہے،سابق کپتان سمیع اللہ نے کہا کہ شکر ہے کہ طویل عرصے بعد ہم کوئی فائنل کھیل رہے ہیں، محنت سے جیت سکتے ہیں، اولمپئن قمر ابراہیم نے کہا کہ پاکستان ٹیم عالمی درجہ بندی میں جاپان سے آگے ہے، اور یہ بات پاکستان ٹیم کے لیے حوصلہ افزاء ہے۔ فائنل میں جاپان کے خلاف قومی ہاکی ٹیم جیت کے لیے فیورٹ ہے۔