خیبرپختونخوا حکومت پنجاب کے کاشتکاروں سے گندم خریدنے لگی

May 17, 2024

—فائل فوٹو

خیبر پختون خوا کی حکومت نے پنجاب کے کاشت کاروں سے گندم کی خریداری کا آغاز کر دیا۔

ڈائریکٹر محکمۂ خوراک خیبر پختون خوا یاسر حسن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آج پنجاب کے کاشت کاروں سے گندم کی خریداری شروع کر دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے کاشت کاروں کے لیے خیر مقدمی بینرز آویزاں کر دیے ہیں، 3900 روپے فی من گندم خریدی جا رہی ہے۔

ڈائریکٹر محکمۂ خوراک خیبر پختون خوا یاسر حسن نے مزید کہا ہے کہ 30 جون تک پنجاب کے کاشت کاروں سے 2 لاکھ 86 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقامی کاشت کاروں سے بھی 14 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی گئی ہے، 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔