بشکیک، پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے، متعدد طلبہ زخمی

May 18, 2024

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں مقامی اور غیر ملکی طلبہ میں لڑائی اور ہنگامہ آرائی کا واقعہ پیش آیا۔

پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے اور توڑ پھوڑ کے واقعے میں متعدد طلبہ زخمی بھی ہوئے ہیں۔

جیو نیوز سے خصو صی گفتگو میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پاکستانی طلبہ نے کہا کہ ہوسٹل میں لڑکوں اور لڑکیوں پر تشدد کیا گیا ہے۔

طلبہ نے پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے عدم تعاون کی شکایت بھی کی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں پاکستانی سفیر کو پاکستانی طلبہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے کرغزستان میں پاکستانی اور دیگر ممالک کے طلبہ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور وہ وہ مسلسل اپنے آپ کو صورت حال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق پاکستانی سفارت خانے نے ایمرجنسی نمبر فراہم کر دیے ہیں۔

علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کا پیغام موصول ہوا ہے، پاکستانی سفارتخانہ کرغز حکام سے رابطے میں ہے، پاکستانیوں کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔