زین قریشی کا ٹرن آؤٹ دانستہ سست رکھنے کا الزام

May 19, 2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) رہنما زین قریشی نے ٹرن آؤٹ کو دانستہ سست رکھنے کا الزام لگادیا۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں زین قریشی نے کہا کہ 8 فروری کی طرح آج بھی ووٹرز کو روکنے کےلیے منفی ہتھکنڈے استعمال کیے گئے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ این اے 148 کے ضمنی الیکشن میں ٹرن آؤٹ کو دانستہ سلو رکھا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اور انتظامیہ ایک الیکشن بھی درست طریقے سے نہیں کروا پا رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں آج صرف ایک جگہ الیکشن ہے، انتظامیہ سے درخواست ہے، پولنگ اسٹیشن کے اندر شفافیت نظر آنی چاہیے۔

زین قریشی نے یہ بھی کہا کہ قادر پوراں میں فارم 45 پر پہلے ہی دستخط کرانے کی کوشش کی گئی، مخالف امیدوار نے حکومتی مشینری کو استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی موبائل، فون انٹرنیٹ سروس بند ہے، کنٹونمنٹ وارڈ نمبر 1 میں جعلی وارڈ بھگتانے کی کوشش کی گئی۔