• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این اے 148 ضمنی انتخاب: قاسم گیلانی آگے ، تیمور ملک پیچھے، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

دائیں قاسم گیلانی ، بائیں تیمور الطاف ملک : فوٹو فائل
دائیں قاسم گیلانی ، بائیں تیمور الطاف ملک : فوٹو فائل

ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ضمنی الیکشن کے بعد مختلف پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آنے کا بھی سلسلہ شروع ہوگیا۔

این اے 148 کے ضمنی انتخاب کے  275 میں سے 250 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی قاسم گیلانی 78270 ووٹ لے کر آگے ہیں،  جبکہ سنی اتحاد کونسل کے تیمور الطاف ملک 47793 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب ریٹرنگ افسران کے دفتر کی طرف جانے والے تمام راستے پولیس نے بند کردیے گئے۔ تحریک انصاف کے امیدوار تیمور ملک اور زین قریشی کو ریٹرننگ آفس جانے سے روک دیا گیا۔

ریٹرننگ آفس کے باہر پولیس کی بھاری نفری اور قیدی وین پہنچا دی گئی۔

سی پی او صادق علی کا کہنا ہے کہ کسی جتھے کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پانچ اور پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہے۔

این اے 148 ملتان میں پیپلز پارٹی کے امیدوار علی قاسم گیلانی کو مسلم لیگ ن کی حمایت بھی حاصل ہے اور ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار تیمور الطاف سے ہے۔

واضح رہے عام انتخابات میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تیمور الطاف ملک کو شکست دی تھی بعد میں چیئرمین سینیٹ بننے کے لیے یوسف رضا گیلانی نے یہ نشست چھوڑ دی تھی۔

قومی خبریں سے مزید