ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد ایرانی صدر کا جسد خاکی کیسے شناخت کیا گیا؟

May 22, 2024

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ سمیت دیگر افراد گزشتہ اتوار کو ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اتوار کو اس حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر ایک انگوٹھی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ جائے حادثے سے ملی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس انگوٹھی کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ یہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہے اور اسی کی مدد سے ان کی لاش کی شناخت کی گئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو یہ انگوٹھی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی طرف سے تحفے میں دی گئی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے اسی انگوٹھی کی مدد سے ایرانی صدر کی لاش کو شناخت کیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد ایرانی صدر کی لاش کو شناخت کرنے کے عمل میں ابتدائی طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ملبے کی وجہ سے ان کی موت کی تصدیق میں بھی دیر ہوئی تھی تاہم انگوٹھی ملنے کی بعد کافی حد تک اندازہ لگا لیا گیا تھا کہ ایرانی صدر حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حیران کُن اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ 2020ء میں جب ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو بغداد کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر امریکا کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملے میں مارا گیا تھا تب بھی ان کی لاش کو ان کی انگوٹھی کی مدد سے پہچانا گیا تھا۔