13 واں پنج سالہ ترقیاتی منصوبہ منظور

June 11, 2024

اسلام آباد(تنویرہاشمی /اے پی پی)قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کیلئے 3792 ارب روپے کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی جس میں 2095ارب روپے صوبوں کےاور 1500ارب روپے وفاقی ترقیاتی بجٹ اور 196 ارب 90کروڑروپے ایس او ایز کی سرمایہ کاری کے لیے مختص کیے گئے ہیں ‘ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل نے معیشت کی شرح نمو کے اہداف ، میکرو اکنامک فریم ورک برائے سالانہ منصوبہ بندی2024-25 ،13ویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے، پائیدار ترقی کے اہداف اور پسماندہ علاقوں کو ترقیاتی بجٹ میں ترجیح دینے کے اقدامات کی منظوری دے دی جبکہ آئندہ مالی سال کےلیے اقتصادی شرح نمو کا ہدف 3.6فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس میں نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار‘وفاقی وزراء‘ چاروں صوبائی وزراءاعلیٰ‘گورنرا سٹیٹ بینک جمیل احمد ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت آئندہ مالی سال انفراسٹرکچر کے 824ارب‘ توانائی253ارب ‘ٹرانسپورٹ اور مواصلات کیلئے 279 ارب روپے، پانی کے منصوبوں کیلئے 206ارب روپے،فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کےلیے 86ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ، آئندہ مالی سال کےلیے سماجی شعبے کیلئے 280ارب کا ترقیاتی بجٹ منظور کیا گیا ہے، جس میں صحت کیلئے 45 ارب روپے، تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلئے 93ارب روپے، ایس ڈی جیز کیلئے آئندہ مالی سال 75 ارب روپے خرچ کرنے کی منظوری دی گئی ، دیگر سماجی شعبوں کےلیے 75ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے، آئندہ مالی سال کےلیے خوراک و زراعت کیلئے 42ارب روپے ، گورننس کیلئے 28 ارب روپے ، سائنس و آئی ٹی کیلئے 79 ارب روپے، ضم شدہ اضلاع کیلئے 64 ارب روپےاور آزادکشمیر و گلگت بلتستان کیلئے 75 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ منظورکیا گیا ہےقومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کےلیے وفاقی ترقیاتی پروام میں وزارتوں اور ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کےلیے 852ارب50کروڑر وپے ، این ایچ اے ، واپڈا اور بجلی کے اداروں کے لیے مجموعی طور پر 356 ارب 20کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ، وفاقی ترقیاتی پروگرام میں 316ارب روپے بیرونی قرضوں کی مد میں وصولی کا تخمینہ لگایاگیا ہے، صوبائی ترقیاتی بجٹ میں 615ارب80کروڑر وپے بیرونی قرضوں سے وصولی کا تخمینہ ہے۔