امریکی خاتون کو بھارت میں بڑا دھوکا، 300 روپے کے زیور 6 کروڑ میں پکڑا دیے

June 11, 2024

تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارت کی ریاست راجستھان میں امریکی خاتون کو سونا خریدتے ہوئے کروڑوں روپے کا دھوکا دے دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی خاتون چیریش کو 300 روپے کے زیور 6 کروڑ روپے میں بیچ دیے گئے۔ خاتون نے جے پور کے جوہری بازار میں ایک دکان سے زیورات خریدے تھے، چاندی کے زیورات پر گولڈ پالش کر کے خاتون کو دھوکا دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس سال اپریل میں جب ان زیورات کو امریکا میں ہونے والی ایک نمائش میں رکھا گیا تو وہاں انہیں جعلی قرار دے دیا گیا جس کے بعد امریکی خاتون چیریش واپس بھارت میں دکان کے مالک گورو سونی کے پاس پہنچ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دکان کے مالک کی جانب سے الزامات کو مسترد کرنے کے بعد امریکی خاتون نے جے پور میں پولیس کو شکایت درج کرا دی۔

امریکی خاتون نے اس معاملے پر امریکی سفارت خانے سے بھی مدد مانگی ہے جس کے بعد جے پور پولیس سے معاملے کی تحقیقات کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی خاتون نے پولیس کو بتایا ہے کہ 2022ء میں انسٹاگرام کے ذریعے گورو سونی نامی دکاندار سے رابطہ ہوا۔

دوسری جانب بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ خاتون نے گزشتہ 2 سالوں کے دوران 6 کروڑ روپے ادا کیے۔

بھارتی پولیس کے مطابق دکاندار گورو سونی اور اس کا والد دونوں فرار ہوگئے ہیں جن کو پکڑنے کے لیے تلاش جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں افراد کو پکڑنے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔