کراچی، نیو کراچی میں کے الیکٹرک دفتر کے باہر رہائشیوں کا احتجاج

June 21, 2024

نیو کراچی میں کے الیکٹرک دفتر کے باہر سیکٹر الیون ای نارتھ کراچی کے رہائشیوں نے احتجاج کیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ 10 منٹ بجلی آتی ہے پھر 5 گھنٹوں کیلئے غائب ہوجاتی ہے۔

اس موقع پر مظاہرین نے پاور ہاؤس چورنگی جانے والی سڑک ٹائر جلا کر بلاک کردی۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفحانی روڈ، عباس ٹاؤن اور گردونواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

علاقہ مکینوں کا دعویٰ ہے کہ عباس ٹاؤن میں دن11 سے رات 2 بجے تک 10 گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ شیڈول ہے، رات 2 بجے بجلی آئی پھر3 بجے دوبارہ بند کردی گئی۔

کےالیکٹرک نے پچھلے 12 دنوں سے رات کو اضافی لوڈشیڈنگ معمول بنالی ہے، سخت گرمی میں خواتین، بچے، بوڑھے اور بیمار ذہنی اذیت میں مبتلا ہورہے ہیں۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ لائٹ آتے ہی بچوں کو سلایا ایک گھنٹے بعد ہی بجلی بندش اور گرمی سے دوبارہ اٹھ گئے، باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود بجلی بندش کا شکار ہیں۔