امریکی خاتون کی فلسطینی بچی کو ڈبونے کی کوشش: صدر جوبائیڈن کا ردِ عمل

June 25, 2024

فوٹو ایڈیٹڈ

امریکی ریاست ٹیکساس میں سفید فام خاتون کی جانب سے فلسطینیبچوں کو سوئمنگ پول میں ڈبونے کی کوشش پر صدر جوبائیڈن نے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی ڈیلاس شہر میں الزبتھ وولف نامی سفید فام خاتون نے فلسطینی خاتون سے جھگڑا کرتے ہوئے اس کے دو کمسن بچوں کو سوئمنگ پول میں ڈبونے کی کوشش کی تھی جس پر ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق42 سالہ امریکی سفید فام خاتون، الزبتھ وولف کو 3 سالہ فلسطینی بچی کو تالاب میں ڈبونے، اس کے بڑے بھائی پر حملہ کر کے زخمی کرنے اور قتل کی کوشش کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

اس واقعے پر گزشتہ روز امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ردِ عمل سامنے آیا ہے۔

صدر جوبائیڈن کا ایکس پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہنا تھا کہ وہ اس واقعے پر سخت پریشان ہیں۔

بائیڈن کا کہنا ہے کہ ’میرا دل متاثرہ خاندان کے لیے ہمدردی رکھتا ہے، کسی بھی بچے کو کبھی بھی پرتشدد حملے کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں 3 سالہ فلسطینی نژاد امریکی کو تالاب میں ڈبونے کی کوشش کی خبروں سے بہت پریشان ہوں۔‘

واضح رہے کہ متاثرہ بچوں کی والدہ، فسطینی خاتون کا اس واقع پر کہنا تھا کہ ’ہم امریکی شہری ہیں اور فلسطین سے تعلق رکھتے ہیں، ہمیں نہیں معلوم کہ بچوں کے ساتھ محفوظ رہنے کے لیے کہاں جانا ہے۔‘

خاتون کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے ملک کو جنگ کا اور ہمیں یہاں اس نفرت کا سامنا ہے، میری بیٹی صدمے کا شکار ہے، جب بھی میں باہر جاتی ہوں اور واپسی پر گھر میں داخل ہوتی ہوں تو دروازے کی آہٹ سے وہ ڈر کر چھپ جاتی ہے اور کہتی ہے کہ وہ خاتون مجھے دوبارہ پانی میں ڈبو دے گی۔‘