پی ٹی آئی نے امریکا میں پاکستان مخالف قرار داد منظور کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی: بیرسٹر عقیل ملک

June 29, 2024

اسکرین گریب

ترجمان قانونی امور،رہنما مسلم لیگ ن بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 2 سال تک امریکا مخالف جھوٹا بیانیہ پیش کرتی رہی ہے، پی ٹی آئی نے امریکا میں پاکستان مخالف قرارداد منظور کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

قومی اسمبلی کے رکن بیرسٹر عقیل ملک نے اسلام آباد میں لیگی رہنما شائستہ پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کل شائستہ نے ایوان میں ایک قرارداد پیش کی، ایک جماعت کا امریکا کے خلاف قرار داد پر شورشرابہ قابل افسوس تھا، امریکا کی قرارداد کے جواب میں ہماری قرارداد کی اس جماعت نے مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت ڈیجیٹل دہشت گردی پر اتری ہوئی ہے، تحریک انصاف نے لابنگ اور پی آر فَرمز ہائر کر رکھی ہیں، ایک مخصوص جماعت قوم کی آنکھ میں دھول جھونکتی رہی ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ سبز ہلالی پرچم کی حفاظت ہر پاکستان کا فرض ہے، کوئی پاکستانی ملکی سالمیت ،آزادی پر آنچ نہیں آنے دے گا۔

بیرسٹر عقیل ملک نے مزید کہا کہ کشمیر میں جو زیادتیاں ہو رہی ہیں اس پر امریکا نے کبھی آواز نہیں اٹھائی، امریکا کی قرارداد کے جواب میں ہماری قرارداد کی اس جماعت نے مخالفت کی۔

دوسری جانب شائستہ پرویز ملک کا کہنا تھا کہ کل ایک سیاسی جماعت نے جو کچھ کیا اس پر شرم آئی، امریکا میں فرم ہائر کی ہوئی ہیں جہاں پاکستان مخالف کام ہو رہا ہے، ملک کی ترقی، معیشت بحالی کے لیے ہم نے مشکل اقدامات کیے، کسی سیاسی جماعت کوملک کی ترقی کا راستہ روکنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی ملک سے تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے، ہم امریکا سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، نہیں چاہتے کہ امریکا ہماری خودمختاری میں مداخلت کرے۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کر رہی، ہم چاہتے ہیں ملک آگے بڑھے، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

شائستہ پرویز ملک نے مزید کہا کہ ہر کوئی اپنے ذاتی مفاد کے بجائے ملک کے مفاد کا سوچے۔