وفاقی اردو یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون قائم مقام رجسٹرار مقرر

July 01, 2024

ثمرہ ضمیروفاقی اردو یونیورسٹی کی پہلی خاتون قائم مقام رجسٹرار مقرار --- جنگ فوٹو

وفاقی اردو یونیورسٹی میں ایک بار پھر رجسٹرار تبدیل کرکے جامعہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون کو قائم مقام رجسٹرار مقرر کیا گیا ہے۔

ثمرہ ضمیر بنیادی طور پر ڈپٹی رجسٹرار ہیں جن کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ضابطہ خان شنواری کے چار ماہ کے دوران یہ تیسرا رجسٹرار ہے۔

پروفیسر ضابطہ خان شنواری نے رواں سال چار مارچ کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا تو اس وقت متنازع اقدامات کے حوالے سے مشہور محمد صدیق قائم مقام رجسٹرار تھے، جنہیں 30 اپریل کو فارغ کیا گیا اور شعبہ کیمیاء کے ساجد جہانگیر کو نیا قائم مقام رجسٹرار مقرر کیا گیا مگر انہیں بھی 2 ماہ بعد یکم جولائی کو فارغ کرکے ثمرہ ضمیر کو قائم مقام رجسٹرار مقرر کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بہتر کارکردگی نہ دکھانے پر قائم مقام ناظم امتحانات اور ڈائریکٹر فانس کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ اردو یونیورسٹی مالی بحران کا شکار ہے، ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن نہیں مل رہی جبکہ حاضر سروس ملازمین کو بھی تنخواہیں وقت پر نہیں مل رہی ہیں۔