ملکر چلیں تو شہر کے لوگوں کو کوئی ریلیف ملے: آفاق احمد

July 01, 2024

آفاق احمد—فائل فوٹو

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کا کہنا ہے کہ شہر کے لوگ چاہتے ہیں کہ تمام جماعتیں مل کر ان کے لیے کام کریں، ہم مل کر چلیں تو شہر کے لوگوں کو کوئی ریلیف ملے۔

کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف مہاجر قومی موومنٹ کی مقامی ہوٹل میں آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس سے چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے خطاب کیا۔

جماعتِ اسلامی، استحکامِ پاکستان پارٹی، مرکزی مسلم لیگ، کے رہنماؤں کے علاوہ اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہوئے۔

صوبائی صدر استحکامِ پاکستان پارٹی محمود مولوی نے خطاب میں کہا کہ 300 یونٹ مفت بجلی کا نعرہ لگایا گیا تھا،بجلی مفت نہیں دے سکتے تو کم سے کم سبسڈائیز ریٹ پر دیں،پانی اور گیس کے بھی مسائل ہیں۔

رہنما جے یو آئی مولانا ایاز نے کہا کہ کراچی میں صرف بجلی کا مسئلہ نہیں، جہاں بجلی کا مسئلہ ہو گا وہاں پانی اور گیس کا مسئلہ بھی ہو گا۔

رہنما جماعتِ اسلامی عمران شاہد نے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ نہ شہریوں کو سستی بجلی ملی نہ لوڈ شیڈنگ ختم کی گئی۔

جی ڈی اے کے رہنما عرفان اللّٰہ مروت نے اے پی سی سے خطاب میں کہا ہے کہ بجٹ میں ہر چیز پر ٹیکس لگا، کہیں حکومت نے اخراجات کم کرنے کی بات کی؟

رہنما پی ٹی آئی شبیر قریشی نے کہا کہ میٹرک کے امتحانات کے دوران لوڈ شیڈنگ ہوئی، ن لیگ کا نعرہ 200 اور پی پی کا 300 فری یونٹ کا تھا، 200 یونٹ سے 1 یونٹ بڑھنے سے 5 ہزار کا فرق آتا ہے۔

رہنما ٹی ایل پی قاسم فخری نے خطاب میں کہا کہ ہمارے پاس اضافی بجلی موجود ہے پھر بھی لوڈ شیڈنگ کیوں ہو رہی ہے؟ ان کے پاس ترسیل کا نظام نہیں ہے، ہم نے صوبائی اسمبلی میں کے ان کےخلاف قرارداد پیش کی تھی۔

رہنما مسلم لیگ ن نہال ہاشمی نے بھی آل پارٹیز کانفرنس میں خطاب کیا۔