پاکستانی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کو ایک سال مکمل، کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے

June 30, 2024

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کو ایک سال مکمل ہوگیا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ برس 3 سال کے لیے کنٹریکٹ دیے تھے۔

کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا فنانشل ماڈل 3 سال کے لیے لاک تھا، جس کا 12 ماہ بعد کارکردگی کا جائزہ لیا جانا تھا، کارکردگی کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں رد و بدل کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز کی ایک سال کے دوران پرفارمنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے، کھلاڑیوں کی پرفارمنس رپورٹ پر نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ آؤٹ فارم کھلاڑیوں کی سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی کا امکان ہے جبکہ کئی کھلاڑی باہر ہوں گے، کیونکہ پی سی بی فنانشل ماڈل میں بھی تبدیلی پر غور کر رہا ہے، موجودہ طریقہ کار میں تبدیلی سے متعلق قانونی مشاورت جاری ہے۔