لٹل پاکستان کہلانے والے بریڈ فورڈ میں پاکستانی سیاست کا رنگ نظر آنے لگا

June 30, 2024

لٹل پاکستان کہلانے والے بریڈ فورڈ میں پاکستانی سیاست کا رنگ نظر آنے لگا، سیاسی مخالفین پر حملے، پوسٹر پھاڑنے، غنڈہ گردی اور دھمکیاں دینے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

بریڈ فورڈ میں جیو نیوز کی خصوصی انتخابی کوریج جاری ہے، پروگرام کا پہلا حصہ آج جبکہ دوسرا حصہ کل شام نشر ہوگا۔ ناز شاہ و دیگر پارلیمانی امیدواروں طلعت سجاول، عقیل حسین اور محمد علی اسلام کے انٹرویوز پروگرام میں شامل ہوں گے۔

بریڈ ویسٹ سے لیبر امیدوار ناز شاہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری حفاظت کےلیے پولیس ہر وقت میرے ساتھ ہوتی ہے، آزاد امیدواروں کو انتخاب لڑنے کا حق ہے لیکن کسی کو بھی میرے بینر اتارنے، چھریاں مارنے اور ان پر رنگ پھینکنے کا حق نہیں۔ 12 سالہ بیٹے کو ساتھ لے کر نہیں جا سکتی، مجھے خطرہ ہے لیکن میں ڈرنے والی نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جو بزنس میری حمایت کر رہے ہیں انہیں فون کر کے بائیکاٹ اور نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، آزاد امیدواروں کی حمایت وہ لوگ کر رہے ہیں جو کہتے ہیں کہ عورت کو تھپڑ مارنا بری بات نہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو خواتین کے لباس پر تبصرے کرتے ہیں، میری جیت، برادری ازم کی ہار تصور کی جاتی ہے۔

ناز شاہ نے کہا کہ پاکستان میں سیاست میں جو ہتھکنڈے استعمال کیے جاتے ہیں یہاں بھی وہ اپنائے جا رہے ہیں، بریڈ فورڈ ویسٹ میں میری مخالفت کرنے والے بریڈ فورڈ ایسٹ میں لیبر امیدوار کی حمایت کر رہے ہیں، اس رویہ کے بعد فلسطین کی بات کیسے کر سکتے ہیں؟ میں نے فلسطین کے مسئلہ پر شیڈو کابینہ سے استعفیٰ دیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کنزرویٹیو حکومت کے 14 سالہ دور حکومت نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی، ڈاکٹر کی اپوائٹمنٹ نہیں، اسپتال جاؤ تو طویل انتظار، ویٹنگ لسٹ بھی لمبی اور چوری ہوجائے تو پولیس نہیں آتی، مقامی آزاد امیدوار صرف فلسطین کے مسئلہ پر اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں، آزاد امیدوار جیت بھی گیا تو اپوزیشن میں بیٹھے گا، 9 سال سے پارلیمنٹ میں اپنے حلقے کی بھرپور نمائندگی کی ہے۔

ایک اور امیدوار طلعت سجاول نے کہا کہ مخالفین نے مجھے خوفزدہ کرنے کیلئے گاڑیوں کو آگ لگانے کی کوشش کی، میرے انتخابی پوسٹر پھاڑے گئے ہیں اور دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، ایسی کارروائیوں میں ملوث افراد کا علم ہے۔

پارلیمانی امیدوار عقیل حسین نے کہا کہ میرے گھر کے باہر پوسٹر پھاڑے گئے، ان واقعات کی ویڈیوز بھی موجود ہیں، پولیس کو رپورٹ کردی ہے آنے والے افراد کی کار کی نمبر پلیٹ سے بھی پولیس کو مطلع کردیا ہے، مخالفین مجھے نشانہ بنا رہے ہیں، میرے پوسٹر پھاڑ کر وہ اپنے پوسٹر لگا رہے ہیں۔

ایک اور امیدوار محمد علی اسلام نے کہا کہ بعض علاقوں میں انتخابی مہم چلانے نہیں دی جا رہی، میرے بھی پوسٹر پھاڑے جا رہے ہیں، یہ جو بھی کچھ ہو رہا ہے بہت غلط ہے۔