بانی پی ٹی آئی سے متعلق اقوام متحدہ ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر امریکی محکمۂ خارجہ کا ردعمل

July 02, 2024

فائل فوٹو

ورکنگ گروپ کی بانی پی ٹی آئی سے متعلق رپورٹ پرترجمان امریکی محکمۂ خارجہ نے رعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے معاملے پر امریکا پہلے بھی کہہ چکا یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔

ایک بیان میں ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنی رائے کی وضاحت خود کر سکتا ہے۔

امریکی کانگریس میں پاکستان کے انتخابات میں مداخلت کی تحقیقات کی قرار داد سے متعلق سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ کانگریس امریکی حکومت کی ایک علیحدہ شاخ ہے، اس کی قانون سازی پر بات نہیں کر سکتے۔

امریکی اعلیٰ حکام نے مسلسل، نجی اور عوامی طور پر پاکستان پر زور دیا ہے کہ آئین کے مطابق عوام کے حقوق کا احترام کیا جائے۔

واضح رہے کہاقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ایک ورکنگ گروپ نے کہا تھا کہ پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی سربراہ عمران خان کو من مانے انداز میں قید رکھا جانا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کے ʼآربیٹریری ڈیٹنشن ورکنگ گروپ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اس عمل کا مناسب مداوا یہ ہو گا کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور عالمی قانون کے مطابق ہرجانے کا حق دیا جائے۔