جیسا باپ ویسی بیٹی، ننھی حلیمہ نے والد عاطف اسلم کا انداز اپنا لیا

July 01, 2024

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان میوزک انڈسٹری کے بےتاج بادشاہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے انڈونیشیا سے اہل خانہ کے ہمراہ سیر سپاٹوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار نے چند تصاویر پوسٹ کی ہیں، جس میں ان سے زیادہ ان کی ننھی پری نے توجہ سمیٹ لی ہے۔

خیال رہے کہ عاطف اسلم اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے سیر سپاٹوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے ملائیشیا سے چند خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی ہیں۔

تاہم ان تصاویر میں ننھی حلیمہ کے پوز نے سب کی توجہ سمیٹ لی ہے۔ شیئر کی گئی تصویر میں ننھی پری کو اپنی والدہ کے دوپٹے کا پلّو پکڑے ہوئے، اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ان کے آئیکونک پوز میں دیکھا جاسکتا۔

اس کے ساتھ ہی عاطف اسلم نے ایک اور تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں وہ ایک کنسرٹ کے دوران اسٹیج پر ویسے ہی پوز دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

گلوکار نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اپنے مداحوں اور چاہنے والوں سے سوال کیا کہ کیا ان تصاویر کو کسی کیپشن کی ضرورت ہے؟

مذکورہ تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بنتے ہی ان کے مداح حلیمہ کی تعریفیں کیے بِنا نہ رہ سکے۔

واضح رہے کہ عاطف اسلم نے سارہ بھروانہ سے 2012ء میں شادی کی تھی اور اب اس جوڑی کے 2 بیٹے اور 1 بیٹی ہے۔

عاطف اسلم کے گھر بیٹی کی پیدائش گزشتہ سال پہلے روزے کو ہوئی تھی۔